چشتیاں میں سی سی ڈی اور ملزمان کے مبینہ مقابلے میں منشیات فروش ہلاک، دو ساتھی فرار

چشتیاں: چشتیاں کے نواحی علاقے چک 50 فتح کے قریب کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) اور مسلح ملزمان کے درمیان مبینہ پولیس مقابلے میں ایک مبینہ منشیات فروش ہلاک جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کے مطابق سی سی ڈی بہاولنگر کے انسپکٹر عارف محمود اپنی ٹیم کے ہمراہ اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی پر موجود تھے کہ رات تقریباً ساڑھے تین بجے ایک موٹرسائیکل پر سوار تین افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم پولیس کے مطابق ملزمان نے رکنے کے بجائے فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے سرکاری گاڑی کی آڑ لے کر اپنی جان بچائی اور جوابی کارروائی کے طور پر ہوائی فائرنگ کی۔ کچھ دیر بعد فائرنگ رکنے پر ایک ملزم زخمی حالت میں موقع پر ملا، جسے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت انجم نوید ولد محمد اقبال، رہائشی چک 277/HR فورٹ عباس کے نام سے ہوئی ہے۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے ایک 30 بور پستول، تقریباً 200 گرام آئس، موبائل فون، پرس اور شناختی کارڈ کی کاپی برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

لاش کو ریسکیو 1122 کے ذریعے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال چشتیاں منتقل کر دیا گیا، جبکہ فرار ہونے والے دو ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے مقدمہ قتل، اقدام قتل، سرکاری ملازمین کی مزاحمت، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، ناجائز اسلحہ اور منشیات رکھنے سمیت مختلف دفعات کے تحت درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

متعلقہ خبریں