چشتیاں: ریٹائرڈ فوجی پر مبینہ تشدد، بااثر افراد پر پولیس میں اثرورسوخ استعمال کرنے کا الزام، اعلیٰ حکام سے تحقیقات کی اپیل
مبینہ طور پر با اثر فیکٹری مالک کے پاس آنے والے کچھ مشکوک افراد کے تھانہ بخشن خان کے ایس ایچ او کے ساتھ گہرے مراسم ہیں اور وہ اپنے آپ کو ڈی پی او بہاولنگر کا قریبی عزیز بھی ظاہر کرتے ہیں۔
چشتیاں: ریٹائرڈ فوجی پر بااثر افراد کی جانب سے مبینہ تشدد کا واقعہ سامنے آنے پر انصاف کی فراہمی اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ متاثرہ شخص ریٹائرڈ فوجی یاسین جس کا تعلق پاکستان آرمی کی 58 بلوچ رجمنٹ سے ہے،نے اپنے ایک وڈیو بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ چند بااثر افراد نے انہیں مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا ہے اور مقامی پولیس میں اپنے اثرورسوخ کے ذریعے انہیں دباؤ میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ تشدد میں ملوث یہ با اثر افراد جن کی چشتیاں-حاصلپور رود پر دودھ کی فیکٹری بتائی جاتی ہے وہ اپنے اثر و رسوخ کی بنا پر مقامی پولیس پر اثرانداز ہو رہے ہیں، جس کے باعث انہیں انصاف کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔
اعلیٰ حکام کو دی گئی درخواست میں یاسین ولد ولی محمد نے کہا ہے کہ وہ کسی اور شخص کی جگہ ڈیوٹی دینے کے لئے چشتیاں حاصل پور روڈ پر عبدالقادر نامی شخص کی مبینہ دودھ فیکٹری میں موجود تھا اور بغیر کسی وجہ کے فیکٹری کے مالک عبدالقادر،اسکے بھائی عبدالماجد اور چند نا معلوم افراد نے اسکو تشدد کا نشانہ بنایا۔ تشدد کے دوران وہ لوگ اسکو سیف الماری سے پیسے نکالنے کے لئے بھی مجبور کرتے رہے تا کہ اس پہ چوری کا الزام لگایا جا سکے۔اس کے علاوہ اسکو سی سی ڈی سے مروانے کی دھمکیاں بھی دی جاتی رہیں۔
مبینہ طور پر فیکٹری مالک کے پاس کچھ ایسے لوگوں کو آنا جانا بھی ہے جوسرکاری محکموں اور پولیس میں اپنے اثرورسوخ کا دعویٰ کرتے ہیں ان میں سے ایک شخص جس کے مبینہ طور پہ تھانہ بخشن خان کے موجودہ ایس ایچ او کے ساتھ گہرے مراسم ہیں جس پر شہریوں کو ہراساں کروانے، جھوٹے مقدمات درج کرانے اور گرفتاریوں کے بعد مالی معاملات طے کرنے کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں ۔ اور وہ شخص اپنے آپ کو مبینہ طور ڈی پی او بہاولنگرعمران کھوکھر کا کزن بھی بتاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مقامی پولیس مقدمہ درج کرنے سے قاصر ہے اور درخواست گزار پہ صلح کے لئے دباؤ ڈال رہی ہے۔ مقای شہریوں نے ان دعوؤں اور پولیس اہلکاروں کے ممکنہ کردار کی اعلیٰ سطحی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔
درخواست گزار نے ڈی پی او بہاولنگر اور آر پی آو بہاولپور سے خصوصی اپیل کی ہے کہ انہیں مبینہ دباؤ اور ہراسانی سے تحفظ فراہم کیا جائے اور تشدد کے واقعے سمیت درخواست میں اٹھائے گئے تمام معاملات پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔