چشتیاں: نواحی گاؤں میں نوجوان نے زمین کے تنازعہ پر اپنے سگے باپ اور بھائی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
چشتیاں: چشتیاں کے نواحی چک 165مراد میں شقی القلب اور عاقبت نااندیش نوجوان نے زمین کے تنازعہ پر اپنے باپ اور بھائی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔پولیس نے دوہرے قتل کے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ڈاہرانوالہ پولیس اور تھانہ صدر پولیس حاصلپورکے مطابق چک مذکورہ میں منیر احمد کے چھوٹے بیٹے صابر علی نے سعودی عرب سے واپس آکر اپنے باپ اور ڈاہرانوالہ میں کپڑے کے تاجرزبیر احمد حقیقی بھائی کے ساتھ چار ایکڑ زمین کو فروخت کرکے قبضہ دینے کی رنجش پر جھگڑا کرنے لگا اور انہیں جان سے مار دینے کی دھمکیاں بھی دیں۔
گذشتہ روزتاجر دکان پر جانے کیلئے بذریعہ موٹرسائیکل چک سے ڈاہرانوالہ روانہ ہوا تو وہ راستہ میں چک 141مراد مائنر بلمقابل دربار بابا محمد علی شاہ کے قریب پہنچا تو پیچھے سے صابر علی نے وہاں پہنچ کر اپنے بھائی زبیر احمد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔بعد ازاں اس نے چک 165مراد میں اپنے گھر پہنچ کر انتہائی بے دردی کے ساتھ اپنے باپ منیر احمد کو دھکے دیتے ہوئے گلی میں لے گیا جہاں اس نے فائرنگ کرکے اسے بھی قتل کردیا۔
تھانہ ڈاہرانوالہ پولیس نے مقتول زبیراحمد کے کزن صداقت علی ولد مشتاق علی کی درخواست پرصابر علی کے خلاف زبیر احمد کو قتل کرنے کا مقدمہ درج کرلیا جبکہ تھانہ صدر حاصل پور پولیس نے مقتول منیر احمد کی بیوہ رشیداں بی بی کی درخواست پر باپ کو قتل کرنے کے الزام میں صابر علی کے خلاف دوسرا مقدمہ درج کرلیا ہے۔جبکہ ڈاہرانوالہ پولیس نے سخت کوشش کے بعد دوہرے قتل کے ملزم صابر علی کو گرفتار کرلیا ہے۔چک مذکورہ میں مقتولین منیراحمد اور زبیر احمد کی نماز جنازہ میں ڈاہرانوالہ کی سیاسی سماجی کاروباری تنظیموں کے نمائندوں کے علاوہ مختلف دیہات کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔