تھانہ صدر چشتیاں پولیس کی مبینہ نااہلی، فیک کال قرار دی جانے والی 15 کی اطلاع سچ ثابت ہو گئی، شہری فائرنگ سے شدید زخمی

چشتیاں شریف : تھانہ صدر چشتیاں پولیس کی مبینہ نااہلی، غفلت اور مبینہ ساز باز نے شہریوں کی زندگیوں کو داؤ پر لگا دیا ہے۔ پولیس کی جانب سے بروقت کارروائی نہ ہونے پر فائرنگ کے ملزمان دلیر ہو گئے، جس کے نتیجے میں چشتیاں تھانہ سٹی اے ڈویژن شہر کے وسط میں دوبارہ فائرنگ کا لرزہ خیز واقعہ پیش آ گیا۔ عوامی و سماجی حلقوں کی جانب سے ایس ایچ او تھانہ صدر سید عامر حسین شاہ کی برطرفی اور واقعے کی اعلیٰ سطحی انکوائری کا مطالبہ زور پکڑ گیا۔ ذرائع کے مطابق 16 مئی 2026 کو دوپہر ٹھیک 12:55 بجے محمد وقاص ولد محمد الیاس (سکنہ 8 گجیانی) نے پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے باقاعدہ اطلاع دی کہ ان پر اور ان کے ساتھیوں پر مخالفین کی جانب سے سرعام فائرنگ کی گئی ہے۔ تاہم، جائے وقوعہ پر پہنچ کر قانونی کارروائی کرنے کے بجائے ایس ایچ او تھانہ صدر سید عامر حسین شاہ نے مبینہ طور پر روایتی غفلت کا مظاہرہ کیا اور مبینہ ساز باز کرتے ہوئے اس سنگین اطلاع کو "فیک کال” (جھوٹی اطلاع) قرار دے کر داخل دفتر کر دیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی اس مبینہ پشت پناہی اور چشم پوشی کی وجہ سے ملزمان کے حوصلے اس قدر بلند ہوئے کہ انہوں نے قانون کو پیروں تلے روندتے ہوئے دوبارہ چشتیاں تھانہ اے ڈویژن شریف شہر کے اندر سرعام فائرنگ کر دی۔ اس دوسرے واقعے میں ایک شہری شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ اگر تھانہ صدر پولیس پہلی کال پر ہی فوری اور سخت قانونی ایکشن لیتی تو شہر کے بیچ و بیچ دوبارہ فائرنگ کا یہ خطرناک واقعہ پیش نہ آتا اور شہریوں کی جانیں خطرے میں نہ پڑتیں۔ چشتیاں شریف کے صحافتی، سماجی اور عوامی حلقوں نے ایس ایچ او تھانہ صدر سید عامر حسین شاہ کی اس سنگین نااہلی پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تحفظ پر مامور افسران ہی اگر ملزمان سے ساز باز کرنے لگیں تو امن و امان کا اللہ ہی حافظ ہے۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب اور آر پی او بہاولپور سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے کہ فائرنگ کرنے والے ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور فرائض میں غفلت برتنے پر ایس ایچ او تھانہ صدر کے خلاف سخت محکماتی و قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ مزید یہ کہ متاثرہ خاندان نے تھانہ صدر چشتیاں کے خلاف اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔ چشتیاں ڈاٹ پی کے اس معاملے پر تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتا رہے گا۔



متعلقہ خبریں