دو سینٹری ورکرز کی ہلاکت کے بعد چشتیاں میں حفاظتی اقدامات کے لئے سیوریج ورکرز کو خصوصی سیفٹی ٹریننگ کی فراہمی

چشتیاں (رپورٹ: عامر سہیل): چند روز قبل سیوریج لائن کی صفائی کے دوران حفاظتی اقدامات اور ضروری آلات کی عدم دستیابی کے باعث دو سینٹری ورکرز کی زہریلی گیس سے جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعے کے بعد چشتیاں انتظامیہ نے ورکرز کی حفاظت کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں میونسپل کمیٹی چشتیاں میں سینٹری ورکرز اور سپروائزرز کے لیے خصوصی حفاظتی تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔

تربیتی پروگرام میں اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی چشتیاں ساحل رسول چیمہ نے کہا کہ سینٹری ورکرز کی زندگیاں انتہائی قیمتی ہیں اور ان کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیوریج لائنوں، مین ہولز اور گٹروں کی صفائی کے دوران تمام حفاظتی اقدامات اور مقررہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (SOPs) پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

تربیتی سیشن ریسکیو 1122 کے ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر رضوان عباس اور تحصیل کوآرڈینیٹر آفیسر صفدر علی کی جانب سے منعقد کیا گیا، جس میں میونسپل کمیٹی کے سینٹری ورکرز اور سپروائزرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ماہرین نے شرکاء کو سیوریج لائنوں اور مین ہولز میں موجود خطرناک اور زہریلی گیسوں، خصوصاً ہائیڈروجن سلفائیڈ، میتھین اور کاربن مونو آکسائیڈ کے انسانی صحت پر مہلک اثرات سے آگاہ کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ مناسب حفاظتی انتظامات کے بغیر سیوریج لائنوں میں داخل ہونا جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے، اس لیے ہر صورت احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ناگزیر ہیں۔

شرکاء کو ذاتی حفاظتی سامان (PPE)، گیس ڈیٹیکٹر، سیلف کنٹینڈ بریتھنگ اپریٹس (SCBA) اور دیگر جدید حفاظتی آلات کے استعمال کی عملی تربیت بھی دی گئی۔ اس کے علاوہ ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل، ریسکیو کے طریقہ کار اور ساتھی ورکرز کی جان بچانے کے اصولوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ساحل رسول چیمہ نے واضح کیا کہ کسی بھی سینٹری ورکر کو حفاظتی سامان کے بغیر مین ہول یا سیوریج لائن میں کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور تمام متعلقہ ادارے حفاظتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔

تربیتی سیشن کا مقصد سینٹری ورکرز میں حفاظتی شعور اجاگر کرنا، دورانِ ڈیوٹی ممکنہ حادثات کی روک تھام اور قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا تھا۔ شرکاء نے تربیت کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے آئندہ تمام حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ حالیہ سیوریج حادثے میں دو سینٹری ورکرز کی ہلاکت کے بعد حفاظتی آلات کی فراہمی، سیفٹی پروٹوکولز پر عملدرآمد اور سیوریج آپریشنز کے دوران احتیاطی تدابیر کے حوالے سے انتظامیہ نے خصوصی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

متعلقہ خبریں