قاضی والا روڈ پر خوفناک ٹریفک حادثہ، دو نوجوان جاں بحق، ایک زخمی
چشتیاں (نمائندہ خصوصی): چشتیاں کے قاضی والا روڈ پر سفاری پارک کے قریب پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں دو نوجوان جاں بحق جبکہ ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والے دونوں نوجوان اپنے اپنے والدین کے اکلوتے بیٹے تھے، جس پر علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ دو موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم کے بعد پیش آیا، جس کے نتیجے میں دونوں موٹر سائیکل سوار تیز رفتار 22 ویلر ٹرالر کی زد میں آ گئے۔ شدید زخمی ہونے والے دونوں نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور جاں بحق افراد کی میتیں جبکہ زخمی کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال چشتیاں منتقل کیا۔ زخمی نوجوان کی شناخت قمر ولد محبت علی کے نام سے ہوئی، جسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت حسنین مشتاق ولد محمد مشتاق اور عبداللہ عاطف ولد عاطف کے نام سے ہوئی۔ دونوں کا تعلق نواحی چک نمبر 41 فتح چشتیاں سے تھا اور وہ الیکٹریشن کے شعبے سے وابستہ تھے۔ اہل خانہ کے مطابق دونوں نوجوان رات کے وقت کام سے واپس اپنے گھروں کو جا رہے تھے کہ یہ افسوسناک حادثہ پیش آگیا۔
ہسپتال میں ورثاء نے حادثے کو اتفاقی قرار دیتے ہوئے قانونی کارروائی نہ کرانے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد ضروری کارروائی مکمل ہونے پر میتیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔
بعد ازاں دونوں نوجوانوں کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے میں ادا کی گئی، جس میں عوامی، سماجی اور سیاسی شخصیات سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد دونوں کو مقامی آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔