اسسٹنٹ کمشنر چشتیاں کا اراضی ریکارڈ سینٹر کا دورہ، عوام کو بروقت اور شفاف خدمات کی فراہمی پر زور
چشتیاں (نمائندہ خصوصی): اسسٹنٹ کمشنر چشتیاں ساحل رسول چیمہ نے کہا ہے کہ شہریوں کو آسان، شفاف اور بروقت سرکاری سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جبکہ عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو فعال اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔
وہ ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ کی ہدایت پر اراضی ریکارڈ سینٹر چشتیاں کے دورے کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے اراضی ریکارڈ سینٹر میں شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، ریکارڈ کے اجرا کے عمل اور سروس ڈلیوری کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے اراضی ریکارڈ سینٹر میں موجود سائلین سے ملاقات کی، ان کے مسائل اور شکایات تفصیل سے سنیں اور عملے کے رویے، خدمات کے معیار اور سہولیات کے بارے میں براہِ راست رائے بھی حاصل کی۔
انہوں نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل میں مزید تیزی لائی جائے، سائلین کو بروقت، شفاف اور خوش اسلوبی سے خدمات فراہم کی جائیں اور اراضی ریکارڈ سینٹر میں عوامی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
اسسٹنٹ کمشنر ساحل رسول چیمہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام دوست طرزِ حکمرانی پر یقین رکھتی ہے اور شہریوں کو معیاری سرکاری خدمات کی فراہمی کے لیے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ سروس ڈلیوری کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔