آر پی او بہاولپور غازی محمد صلاح الدین کا چشتیاں کا دورہ: تھانہ سٹی اے ڈویژن کی نئی عمارت کا افتتاح

چشتیاں: تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور غازی محمد صلاح الدین (PPM) نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولنگر محمد عمران کے ہمراہ تھانہ سٹی اے ڈویژن چشتیاں کی نو تعمیر شدہ جدید عمارت کا باقاعدہ افتتاح کیا اور تھانےکی جامع فارمل انسپکشن کی۔ چشتیاں آمد پر انہوں نے فیتہ کاٹ کر اور یادگاری تختی کی نقاب کشائی کر کے نئی عمارت کا افتتاح کیا۔

تقریب میں پولیس کے اعلیٰ افسران، مقامی معززین اور میڈیا کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ افتتاحی تقریب کے فوراً بعد، آر پی او بہاولپور غازی محمد صلاح الدین نے تھانہ سٹی اے ڈویژن کی فارمل انسپکشن کی ۔ انسپکشن کے دوران انہوں نے تھانے کے تمام شعبہ جات بشمول فرنٹ ڈیسک، حوالات، مال خانہ، آئی ٹی روم، تفتیشی افسران کے کمروں اور ریکارڈ روم کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ آر پی او نے تھانے کے سرکاری ریکارڈ، مال مقدمات کے رجسٹروں اور فلائیٹ کمپیوٹرائزیشن سسٹم کی اپ ڈیشن کو چیک کیا۔ انہوں نے تھانے کے صفائی ستھرائی کے انتظامات، ریکارڈ کی فول پروف کمپیوٹرائزیشن اور جدید انفراسٹرکچر کو سراہتے ہوئے موقع پر موجود افسران کو کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لیے اہم پیشہ ورانہ ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر غازی محمد صلاح الدین کا کہنا تھا کہ "تھانہ کلچر میں انقلابی تبدیلی اور شہریوں کو سازگار و پرامن ماحول میں انصاف کی فراہمی پنجاب پولیس کا بنیادی عزم ہے۔ اس جدید عمارت کی تعمیر اور فارمل انسپکشن کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ پبلک سروس ڈیلیوری کا معیار اعلیٰ ترین ہو۔ یہاں سائلین کو ایک ہی چھت تلے تمام قانونی سہولیات ملیں گی، جبکہ پولیس ملازمین کو بھی کام کا بہتر ماحول میسر آئے گا۔ تھانے آنے والے ہر مظلوم کی فوری دادرسی اور شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنا افسران کا فرض ہے۔” جبکہ ڈی پی او بہاولنگر محمد عمران کا اس موقع پر کہنا تھا کہ "بہاولنگر پولیس آر پی او بہاولپور کی قیادت میں ضلع بھر سے جرائم کے خاتمے اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ جدید بنیادی ڈھانچے کی فراہمی اور ایسے فارمل انسپکشنز سے فورس کا مورال بلند ہوتا ہے اور احتسابی عمل مضبوط ہوتا ہے، جس کے مثبت نتائج براہِ راست عوام تک پہنچتے ہیں۔”

متعلقہ خبریں