چشتیاں: پولیس مقابلے میں خطرناک ملزم ہلاک، تین ساتھی فرار
چشتیاں (نمائندہ خصوصی) تھانہ شہر فرید پولیس اور مبینہ ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک خطرناک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، جبکہ تین ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق تھانہ شہر فرید کی ٹیم مجرمان اشتہاری کی گرفتاری کے لیے پختہ روڈ عاشق محمد تا بونگہ بلوچاں پر ناکہ بندی کیے ہوئے تھی کہ بونگہ بلوچاں کی جانب سے دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار مشتبہ افراد آتے دکھائی دیے۔ پولیس نے سرکاری گاڑی کی ڈِپر لائٹ کے ذریعے انہیں رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے سرکاری گاڑی کی آڑ لے کر اپنی جان بچائی اور حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔ کچھ دیر فائرنگ کے تبادلے کے بعد ملزمان دو موٹرسائیکلوں پر فرار ہونے لگے۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ کی تلاشی کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا ملا، جو مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا۔ اسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت غلام مصطفیٰ عرف ماری ولد منظور احمد ماچھی، سکنہ موضع جھیڈواں، چشتیاں کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے اس کے قبضے سے ایک 30 بور پستول بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
تھانہ شہر فرید کے ایس ایچ او انسپکٹر سجاد احمد کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 302، 324، 353، 186، 427، 34 اور آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔