چشتیاں: پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ،ایک ڈاکو ہلاک

چشتیاں: چشتیاں کے قریب خطرناک ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان مقابلہ کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن گیا جبکہ دو ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔سب انسپکٹر تھانہ مدرسہ محمد شیروز اقبال نے بتایا کہ وہ پولیس جوانوں کے ہمراہ گشت پڑتال ہائی وے روڈ نزد اڈہ امین کوٹ موجود تھے کہ ٰانہیں اطلاع ملی کی تین مسلح ڈاکوؤں نے محمد رضوان سکھیراکو گن پوائنٹ پر لوٹ لیا ہے اور موٹرسائیکل چھین لینے کی واردات کو ناکام بنانے کے علاوہ لوگوں نے ایک ڈاکو کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔چنانچہ پولیس جائے مٹھا عاکوکا پہنچی اور ڈاکواپنی حراست میں لے لیا جس نے اپنا نام محمد بشیر ولد فاضل قوم قاسمکا جوئیہ سکنہ بھینی جودھیکا موضع جودھیکا بتایا اور اس نے رضوان کے ساتھ واردات کو تسلیم کیا اور بتایا کہ اس کے ساتھی ہٹھاڑ جودھیکا کی طرف فرار ہوگئے ہیں۔ پولیس ملزم بشیر کو لیکر مفرور ملزمان کی تلاش میں نکلی تو رات کے پونے تین بجے قدیر آباد سیم نالہ کے قریب دو افراد موٹرسائیکل پر موجود تھے کہ انہوں نے پولیس پر سیدھی فائرنگ شروع کردی پولیس نے بھی جوابی فائر کئے کہ اس دوران مفرور ڈاکوؤں نے ملزم محمد بشیر کو پکارنا شروع کردی جس پر محمد بشیر ملزمان کی طرف بھاگا کہ وہ اپنے ساتھیوں کی گولیوں سے شدید زخمی ہوگیا۔فائرنگ رکی تو پولیس نے دیکھا کہ محمد بشیر جانبحق ہوگیا اور اس کے ساتھی فرار ہوگئے۔

تھانہ مدرسہ پولیس نے سب انسپکٹر مذکور کی رپورٹ پر مفرور ڈاکوؤں کے خلاف زیردفعہ 302/324/392/353/186/34 کے تحت مقدمہ درج کرکے ان کی تلاش شروع کردی ہے۔

متعلقہ خبریں