ریجنل پولیس آفیسر بہاولپورغازی محمد صلاح الدین کی چشتیاں میں کھلی کچہری

چشتیاں: ریجنل پولیس آفیسر بہاولپورغازی محمد صلاح الدین نے کہا ہے کہ کھلی کچہریوں کا بنیادی مقصد پولیس اورعوام کے درمیان فاصلوں کو مٹانا اور مظلوم کی داد رسی کرنا ہے۔انہوں نے بلدیہ چشتیاں میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ شہریوں کی عزتِ نفس اور میرٹ پر سمجھوتہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر اورمنشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے تاکہ ضلع کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکے،آر پی او بہاولپور نے سائلین کے مسائل انفرادی طور پر سنے اورمتعدد شکایات پرموقع پرموجود افسران کو متعین وقت کے اندر حل کرنے کے سخت احکامات جاری کیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تفتیش میں تاخیر اورغیر ضروری التوا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آر پی او غازی محمد صلاح الدین کا کہنا تھا کہ:”وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ کھلی کچہریوں کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان فاصلوں کو ختم کرنا ہے۔کھلی کچہری میں ایس پی انوسٹی گیشن بہاولنگر شوکت علی ،متعلقہ پولیس افسران، انجمن تاجران کے نمائندوں، معززین علاقہ، میڈیا نمائندگان اور سائلین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔کھلی کچہری میں آئے ہوئے شہریوں نے آر پی او بہاولپورکےعوامی اقدام کو زبردست الفاظ میں سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس سے علاقے میں انصاف کی فراہمی اور امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہوگی۔

متعلقہ خبریں