چشتیاں: خاتون سے مبینہ زیادتی کی کوشش، متاثرہ خاندان کا پولیس پر ملزم کو چھوڑنے کا الزام
چشتیاں: تھانہ شہر فرید کی حدود میں خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی کی کوشش کے ایک سنگین واقعہ نے مقامی آبادی میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ متاثرہ خاندان نے الزام عائد کیا ہے کہ مقدمہ درج کروانے اور ملزم کی گرفتاری کے باوجود پولیس نے مبینہ طور پر مقامی بااثر افراد کے دباؤ پر ملزم کو رہا کر دیا۔
متاثرہ خاتون مسمات پروین اور ان کے بھائی کی جانب سے جاری کیے گئے ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ موضع مزید شاہ میں ان کے سگے چچا نے خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر زیادتی کی کوشش کی۔ متاثرہ خاندان کے مطابق واقعہ کے بعد انہوں نے قانونی کارروائی کے لیے تھانہ شہر فرید سے رجوع کیا اور تحریری درخواست بھی جمع کروائی۔
متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ پولیس نے ابتدائی طور پر کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم کو حراست میں لیا، تاہم بعد ازاں مبینہ طور پر بعض مقامی بااثر شخصیات کی مداخلت پر اسے چھوڑ دیا گیا۔ خاندان نے الزام لگایا کہ انہیں انصاف کی فراہمی کے بجائے مختلف طریقوں سے دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ویڈیو بیان میں متاثرہ خاتون اور اسکے بھائی نے اعلیٰ پولیس حکام، ریجنل پولیس آفیسر اور وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور اگر کسی سطح پر اثر و رسوخ استعمال ہوا ہے تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب خبر فائل کیے جانے تک تھانہ شہر فرید یا ضلعی پولیس کی جانب سے ان الزامات کے حوالے سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔ پولیس کا مؤقف موصول ہونے کی صورت میں اسے بھی خبر کا حصہ بنایا جائے گا۔
مقامی سماجی حلقوں اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ خواتین کے خلاف جرائم کے مقدمات میں مکمل شفافیت اور قانون کے مطابق کارروائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے اور عوام کا قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد برقرار رہے۔