چشتیاں: نائب قاصد کا محکمہ تعلیم کے افسران کے خلاف آواز اٹھانا جرم بن گیا،اسے لیٹرین کی صفائی کرنے پہ لگا دیا گیا، ملازم نے افسران کی اس کارروائی کو انتقامی قرار دے دیا۔
چشتیاں: چشتیاں میں محکمہ تعلیم کے ایک نائب قاصد سجاد نے الزام عائد کیا ہے کہ اسے مبینہ طور پر انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ نائب قاصد سجاد کے مطابق اسے اپنی مقررہ ذمہ داریوں کے بجائے لیٹرین کی صفائی جیسے کاموں پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
سجاد کا کہنا ہے کہ اس کی ڈیوٹی نائب قاصد کی حیثیت سے مقرر ہے، وہ خاکروب نہیں۔ اس نے الزام لگایا کہ اس کی مجبوری سے فائدہ اٹھایا جا رہا ہے اور اسے محکمہ کے افسران کی بد عنوانیوں پہ آواز اٹھانے کی پاداش میں مبینہ طور پر دباؤ کا سامنا ہے۔ نائب قاصد سجاد کے مطا بق اسے یہ احکامات باقاعدہ طور پہ ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر (زنانہ) کی جانب سے تحریری طور پہ دئیے گئے ہیں۔ لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا تحصیل بھر کے تمام نائب قاصدوں کے لیے ایسے ہی احکامات جاری کیے گئے ہیں یا یہ معاملہ صرف سجاد تک محدود ہے؟ اس کی حقیقت جاننا متعلقہ اداروں کی تحقیقات کا تقاضا ہے۔
نائب قاصد سجاد نے متعلقہ ذمہ دار اداروں سے معاملے کا نوٹس لینے اور تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔