چشتیاں: تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال میں مبینہ غلط انجکشن لگنے سے 60 سالہ مریض جاں بحق، ورثاء کا احتجاج
چشتیاں: تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال میں مبینہ طور پر غلط انجکشن لگنے سے 60 سالہ مریض ندیم جاں بحق ہو گیا۔ واقعے کے بعد متوفی کے لواحقین نے اسپتال کے ڈاکٹر اور عملے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
لواحقین کے مطابق ندیم پیٹ میں درد کی شکایت پر علاج کے لیے اسپتال آیا تھا، جہاں مبینہ طور پر غلط انجکشن لگائے جانے کے بعد اس کی حالت بگڑ گئی اور وہ جانبر نہ ہو سکا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر تھانہ سٹی پولیس اسپتال پہنچ گئی اور تحقیقات شروع کر دیں۔ متوفی کی لاش مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے۔
متوفی کے اہل خانہ نے وزیراعلیٰ پنجاب سے واقعے کا نوٹس لینے، شفاف تحقیقات کرانے اور مبینہ غفلت کے ذمہ دار ڈاکٹر اور عملے کے خلاف کارروائی کی اپیل کی ہے۔