نورپورہ میں معمولی رنجش پر نوجوان قتل، پرانے دوست کے خلاف مقدمہ درج

چشتیاں (نمائندہ خصوصی): چشتیاں کی نواحی آبادی نورپورہ میں معمولی رنجش پر ایک نوجوان کو مبینہ طور پر اس کے پرانے دوست نے چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا، جبکہ ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

سٹی بی ڈویژن چشتیاں پولیس کے مطابق مقتول رضوان بشیر رات تقریباً 11 بجے اپنے ایک دوست سے ملنے نورپورہ گیا تھا۔ اسی دوران ارتضیٰ ولد عرفان علی وہاں پہنچا اور دونوں کے درمیان ہاتھا پائی ہو گئی۔ الزام ہے کہ ملزم نے جھگڑے کے دوران رضوان پر چھری کے پے در پے وار کیے، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔

زخمی رضوان کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال چشتیاں منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے مزید علاج کے لیے وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور ریفر کر دیا گیا۔ تاہم وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔

پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرنے اور پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی۔ مقتول کے والد بشیر احمد کی مدعیت میں نامزد ملزم ارتضیٰ ولد عرفان علی کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں