چشتیاں: بلدیہ کی مبینہ غفلت، سیوریج کا گندا پانی مدرسے میں داخل، طالبات مشکلات کا شکار

چشتیاں: چشتیاں میں بلدیہ کی مبینہ غفلت اور ناقص سیوریج نظام کے باعث گندا پانی جامعہ خدیجۃ الکبریٰ مدرسہ میں داخل ہو گیا، جس سے زیرِ تعلیم طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تعفن اور گندگی کے باعث تعلیمی ماحول متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔

مدرسہ انتظامیہ اور اہلِ علاقہ کے مطابق سیوریج لائن بند ہونے کے باعث گندا پانی گزشتہ کئی ماہ سے مدرسے کی حدود میں داخل ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ چھ ماہ سے متعلقہ حکام اور بلدیہ کو متعدد بار تحریری و زبانی شکایات کر چکے ہیں، تاہم مسئلہ تاحال حل نہیں کیا جا سکا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بار بار توجہ دلانے کے باوجود بلدیہ کی جانب سے نہ تو سیوریج لائن کی صفائی کی گئی اور نہ ہی مستقل بنیادوں پر مسئلے کے حل کے لیے کوئی مؤثر اقدام اٹھایا گیا، جس کے باعث طالبات کی تعلیم اور صحت دونوں متاثر ہو رہی ہیں۔

مدرسہ انتظامیہ اور علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولنگر، اسسٹنٹ کمشنر چشتیاں اور متعلقہ بلدیاتی حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیوریج کا نظام فوری طور پر بحال کیا جائے تاکہ طالبات کو صاف، محفوظ اور صحت مند تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔

متعلقہ خبریں