محبوب کالونی چشتیاں میں سیوریج نظام ناکارہ، مکینوں کا فوری اصلاحی اقدامات کا مطالبہ
چشتیاں: چشتیاں کی محبوب کالونی میں سیوریج نظام کی خرابی کے باعث علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ شہریوں نے نکاسی آب کے ناقص انتظامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ مقامی رہائشیوں کے مطابق کئی روز سے گلیوں میں سیوریج کا پانی جمع ہے، جس کے باعث پیدل آمدورفت دشوار ہو چکی ہے، خصوصاً بزرگ افراد، خواتین اور بچوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "ستھرا پنجاب” ویژن کے برعکس محبوب کالونی میں صفائی اور نکاسی آب کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ میونسپل کمیٹی چشتیاں کی جانب سے سیوریج نظام کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے جا رہے، جس کی وجہ سے شہری بنیادی بلدیاتی سہولیات سے محروم ہیں۔
عوامی اور سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر بہاولپور اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ چشتیاں کے سیوریج نظام کی فوری بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں، نکاسی آب کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل کیے جائیں اور غفلت کے مرتکب ذمہ دار افسران کے خلاف قانونی و انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے۔