چشتیاں میں غیرت کے نام پر نوجوان خاتون قتل، 22 روز بعد انکشاف، والد اور دو بھائی گرفتار
چشتیاں (نامہ نگار) تھانہ بخشن خاں کے علاقے میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر ایک نوجوان خاتون کو بہیمانہ تشدد اور بجلی کے جھٹکے دے کر قتل کرنے کا افسوسناک واقعہ 22 روز بعد منظر عام پر آ گیا۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او بہاولنگر محمد عمران کی ہدایت پر مقتولہ کے والد، دو بھائیوں اور ایک دیگر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، جبکہ مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد بجلی کا کرنٹ لگا کر قتل کیا اور بعد ازاں لاش کو مقامی قبرستان میں دفن کر دیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کا آغاز کیا اور ایس ایچ او محمد عامر وٹو کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقہ مجسٹریٹ کے حکم پر مقتولہ کی قبر کشائی کی جائے گی تاکہ پوسٹ مارٹم اور فرانزک شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ڈی پی او محمد عمران نے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اور کیس کو میرٹ پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ پولیس کے مطابق مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے۔