چشتیاں میں وراثتی تنازع پر 6 سالہ بچے کا بہیمانہ قتل، کمسن ملزم گرفتار

چشتیاں: چشتیاں کے نواحی علاقے چک نمبر 3 فورڈ کی بستی جوسراں میں وراثتی تنازع پر 6 سالہ بچے کو مبینہ طور پر اینٹوں کے روڑے مار کر قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

صدر پولیس چشتیاں کے مطابق مقتول فہیم علی اپنے گھر میں موجود تھا، جبکہ اس کے والد گلزار احمد اور والدہ کوثر پروین مال مویشی کے لیے چارہ لینے گئے ہوئے تھے۔ اسی دوران مقتول کا 16 سالہ چچا زاد بھائی محمد قاسم گھر پہنچا اور مبینہ طور پر فہیم علی سے جھگڑا کرنے کے بعد اینٹوں کے روڑے مار کر اسے قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعے کی وجہ وراثت میں حصہ لینے کا تنازع بتائی جا رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم محمد قاسم کی والدہ کو تقریباً دس سال قبل طلاق ہو چکی تھی اور وہ اپنی نانی کے گھر رہتا تھا۔

والدین کے واپس آنے پر جب بچے کی تلاش کی گئی تو اس کی لاش گھر کے قریب پختہ اینٹوں پر پڑی ملی، جسے ایک ڈش ٹوکرے سے ڈھانپا گیا تھا۔

اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد قاسم کو گرفتار کر لیا، جبکہ ریسکیو 1122 نے مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال چشتیاں منتقل کر دی۔

پولیس نے مقتول کے والد گلزار احمد کی مدعیت میں ملزم کے خلاف دفعہ 302 سمیت متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

متعلقہ خبریں