چشتیاں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا عذاب برقرار، شدید گرمی میں شہری پریشان، احتجاج

چشتیاں: چشتیاں شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے باعث شدید گرمی میں شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ مختلف علاقوں میں کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق سیٹلائٹ ٹاؤن، نورپورہ، زمیندارہ کالونی اور ناصر آباد سمیت متعدد علاقوں میں بجلی کی طویل بندش کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث بچے، بزرگ، خواتین اور بیمار افراد کو سب سے زیادہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

شہریوں نے واپڈا کی مبینہ غفلت اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی بندش کے باعث گھریلو معمولات، کاروبار اور روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے، جبکہ متعلقہ حکام مسئلے کے حل میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے۔

متاثرہ شہریوں نے وفاقی وزیر پانی بجلی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم کر کے بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو شدید گرمی میں مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ خبریں