چشتیاں میں بارش، غلہ منڈی تالاب میں تبدیل

انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹی حکام کی مبینہ غفلت، کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر

چشتیاں: حالیہ بارشوں کے بعد چشتیاں کی غلہ منڈی پانی میں ڈوب گئی اور متعدد مقامات پر بارش کا پانی جمع ہونے سے منڈی کا منظر کسی تالاب کا سا بن گیا۔ پانی کی نکاسی کے مناسب انتظامات نہ ہونے کے باعث آڑھتیوں، تاجروں اور کسانوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

تاجروں اور منڈی میں آنے والے کسانوں کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد منڈی میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے اجناس کی خرید و فروخت، لوڈنگ اور ان لوڈنگ کا عمل متاثر ہوا ہے۔ ان کا الزام ہے کہ مارکیٹ کمیٹی اور متعلقہ انتظامیہ نے بروقت نکاسی آب کے مؤثر انتظامات نہیں کیے جس کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی۔

متاثرین کے مطابق پانی جمع ہونے سے نہ صرف کاروباری نقصان ہو رہا ہے بلکہ منڈی میں آنے جانے والے افراد کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ تاجروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر پانی جلد نہ نکالا گیا تو ذخیرہ شدہ اجناس کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

شہریوں اور تاجر برادری نے ڈپٹی کمشنر بہاولنگر، اسسٹنٹ کمشنر چشتیاں اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غلہ منڈی سے فوری طور پر پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے، ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور آئندہ ایسی صورتحال سے بچنے کے لیے مستقل بنیادوں پر نکاسی آب کا مؤثر نظام بنایا جائے۔

متعلقہ خبریں