چشتیاں میں کپاس کی فصل کا معائنہ، کاشتکاروں کو کیڑوں سے بروقت بچاؤ کی ہدایت

چشتیاں: ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز پنجاب لاہور ڈاکٹر عامر رسول نے کہا ہے کہ کپاس کی بہتر پیداوار کے لیے کاشتکار فصل کو کم وقفے سے ہلکی آبپاشی دیں، متوازن کھاد استعمال کریں اور مائیکرو نیوٹرینٹس اور امائنو ایسڈز کے فولیئر سپرے پر توجہ دیں۔

انہوں نے ضلع بہاولنگر کی مختلف تحصیلوں میں کپاس کی فصل کے معائنے کے دوران کاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلابی سنڈی، سفید مکھی اور ملی بگ کے بروقت تدارک کے لیے محکمہ زراعت کی جاری کردہ ایڈوائزری پر عمل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بہتر پیداوار کے لیے کیڑوں اور فصل کی غذائی ضروریات کا مناسب انتظام ضروری ہے۔

ڈاکٹر عامر رسول نے کہا کہ ستمبر کا مہینہ کپاس کی پیداوار کے حوالے سے انتہائی اہم ہے اور اس دوران گلابی سنڈی کے حملے سے فصل کو محفوظ رکھنے کے لیے محکمہ زراعت کی تجویز کردہ زرعی ادویات کا مناسب اور بروقت استعمال کیا جائے۔

انہوں نے چشتیاں میں ثریا حنیف کاٹن فیکٹری کا بھی دورہ کیا، جہاں کپاس کی پیداوار اور پھٹی کے معیار کا جائزہ لیا۔ ان کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال کپاس کی پیداوار اور پھٹی کا معیار بہتر نظر آیا۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایکسٹینشن مہر طالب حسین اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت پلانٹ پروٹیکشن رضوان امجد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ افسران نے کپاس کی فصل کا تفصیلی معائنہ کیا اور اسے مجموعی طور پر تسلی بخش قرار دیا۔

ڈاکٹر عامر رسول نے موقع پر موجود زمینداروں سے بھی ملاقات کی اور انہیں محکمہ زراعت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے فیلڈ اسٹاف کو ہدایت کی کہ وہ کاشتکاروں سے مسلسل رابطے میں رہیں، فصل کی صورتحال پر نظر رکھیں اور کپاس کی بہتر نگہداشت کے لیے انہیں بروقت رہنمائی فراہم کریں۔

متعلقہ خبریں