ضلع بہاولنگرکی مختلف تحصیلوں میں کپاس کی فصل اچھی حالت میں ہے: ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت
چشتیاں: ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع بہاولنگرمہر طالب حسین نے کہا ہے کہ ضلع بہاولنگرکی مختلف تحصیلوں چشتیاں،ہارون آباد ،فورٹ عباس و قصبات ڈونگہ بونگہ ،ڈاہرانوالہ،فقیروالی کے دیہات میں کپاس کی فصل اچھی حالت میں ہے چنانچہ کاشتکار محکمہ زراعت توسیع بہاولنگر کی سفارشات کے مطابق کپاس کی دیکھ بھال خصوصاً پودوں کی مناسب تعداد، کھادوں کا متوازن استعمال، جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی یقینی بنائیں تاکہ فی ایکڑ اچھی پیداوار حاصل ہوسکے۔
انہوں نے محرام الحرام کی چھٹیوں کے باوجود ضلع بہاولنگر کے مختلف علاقوں کے دورہ کے موقع پرکپاس کے کھیتوں کا معائنہ کیا، پیسٹ سکاؤٹنگ کی، فیلڈ سٹاف کی فیلڈ سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور زمینداروں سے ملاقاتیں کیں اور محکمہ زراعت توسیع کی فیلڈ ٹیموں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بہاولنگر کا تمام فیلڈ عملہ اس وقت ایام عاشورہ کی چھٹیوں میں بھی کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے فیلڈ میں متحرک ہے اور تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔ انہوں نے محکمہ زراعت توسیع کے فیلڈ عملہ کو ہدایات جاری کیں کہ وہ کاشتکاروں کے ہمراہ زیادہ سے زیادہ وقت فیلڈ میں گزاریں، انکی بروقت رہنمائی کریں تاکہ فی ایکڑ اچھی پیداوار کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے زرعی گریجوایٹ انٹرنز کی فیلڈ ایکٹیویٹیز کا جائزہ لیا اور ہدایات جاری کیں کہ وہ فیلڈ میں متحرک رہیں اور کاشتکاروں کی بروقت رہنمائی کو یقینی بنائیں۔۔