گورنمنٹ گریجوایٹ کالج چشتیاں میں انٹر سالانہ امتحان 2026 بہاولپور بورڈ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا میں تقسیم انعامات کی تقریب

چشتیاں: ڈائریکٹرکالجز بہاولپورڈویژن پروفیسر ڈاکٹرشرافت علی نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ اورطلبہ کی بہترین تربیت میں اساتذہ کی خدمات ہمیشہ قابلِ ستائش رہی ہیں۔ ان کی کوششوں کی بدولت تعلیمی اداروں میں تدریسی اور تحقیقی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملا ہے۔انہوں نے گورنمنٹ گریجوایٹ کالج چشتیاں میں انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2026 تعلیمی بہاولپور بورڈ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ گورنمنٹ گریجوایٹ کالج چشتیاں نے تعلیمی بورڈ میں پوزیشن حاصل کرکے کالج کے اعلی معیارتعلیم کی روایات کو قائم رکھا ہے۔انہوں نے تعلیمی بورڈ بہاولپور کے تیسری پوزیشن ہولڈر نابینا طالب علم سمیع الرحمن اور دیگر1000 سے زائد نمبر حاصل کر نے والے طلبا اور اساتذہ کو مبارکباد دی ۔

گورنمنٹ گریجوایٹ کالج چشتیاں کے پرنسپل پروفیسرغضنفر محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ کالج کے 5 طلبا نے 1100 سے زائد ، 16 طلبا نے 1000 سے زائد اور 38 طلبا نے اے پلس گریڈ میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ذہین اور محنتی طالب علم سمیع الرحمن نے 1146 نمبر لیکرتعلیمی بورڈ میں تھرڈ پوزیشن حاصل کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کالج کے اساتذہ طلبا کی تعلیمی استعداد میں اضافہ اور ان کی کردار سازی میں سخت محنت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کالج کو منی یونیورسٹی کا درجہ حاصل ہے کیونکہ یونیورسٹی کے مضامین کی کلاسز کے علاوہ 400 سے زائد طالبات بھی زیر تعلیم ہیں۔اس موقع پرڈپٹی ڈائریکٹرکالجزضلع بہاولنگرپروفیسرصبغت اللہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرتیمورخان نے بھی خطاب کیا اور کالج انتظامیہ کو بہترین تعلیمی نتائج پر مبارباد پیش کی۔

بعد ازاں تقریب میں سمیع الرحمان اورمثالی نمبرحاصل کر نے والے طلبا میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ڈائریکٹرکالجزبہاولپورڈویژن نےگورنمنٹ گریجوایٹ کالج چشتیاں کے پرنسپل پروفیسرغضنفرمحمود کو تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی پراعزازی سرٹیفکیٹ سے بھی نوازا.تقریب میں بارایسوسی ایشن چشتیاں کے وکلا (سابق طلبا کالج ہذا) ڈاکٹرز( سابق طلبا)، پروفیسر طارق مسعود عالم اور پروفیسرڈاکٹر محمدصادق ریٹائرڈ پرنسپلزاور معززشہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں