چشتیاں میں گیس لیکج سے گھر میں دھماکہ، تین لڑکیاں جھلس گئیں

چشتیاں: فاروق کالونی کی گلی نمبر 4 میں گیس لیکج کے باعث ایک گھر میں زوردار دھماکہ ہوا، جس کے بعد گھر میں آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے میں تین لڑکیاں جھلس گئیں جنہیں ریسکیو 1122 نے فوری طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کردیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ دوپہر 1 بج کر 48 منٹ پر پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گھر میں گیس جمع ہونے کے بعد کسی چنگاری سے اچانک دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔

حادثے میں 16 سالہ ہادیہ یوسف، 18 سالہ سادیہ اور 18 سالہ امان فاطمہ جھلس گئیں۔ زخمیوں کے چہرے، ہاتھوں اور ٹانگوں پر جلنے کے زخم آئے ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق تینوں زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ جلنے کی شدت کا مکمل تعین ہسپتال میں کیا جائے گا۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کردیا۔ خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ریسکیو 1122 نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ گیس کی بو محسوس ہونے کی صورت میں فوری طور پر کھڑکیاں اور دروازے کھولیں، آگ یا برقی سوئچ استعمال نہ کریں اور فوراً 1122 پر اطلاع دیں۔

متعلقہ خبریں