ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل اور تعمیراتی معیار ہر صورت یقینی بنایا جائے: کمشنر بہاولپور

چشتیاں (نمائندہ خصوصی): کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ ضلع بہاولنگر میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے جبکہ تعمیراتی کاموں میں معیار اور شفافیت پر کسی صورت سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد عوام کو بہتر بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کا مؤثر حل ہے۔

کمشنر بہاولپور ڈویژن نے ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ کے ہمراہ چشتیاں میں 13 گجیانی روڈ، صدر تھانہ روڈ اور ہارون آباد میں مختلف ترقیاتی سکیموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ تعمیراتی معیار، شفافیت اور منصوبوں کی باقاعدہ نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔

عرفان علی کاٹھیا نے ٹی ایچ کیو ہسپتال ہارون آباد کا بھی تفصیلی معائنہ کیا، جہاں انہوں نے طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، انتظامی امور اور دیگر ضروری اقدامات کا جائزہ لیا۔ متعلقہ افسران نے ہسپتال میں جاری امور اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں کمشنر کو بریفنگ دی۔

بعد ازاں کمشنر بہاولپور ڈویژن نے ٹی ایچ کیو ہسپتال ہارون آباد کے سبزہ زار میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ماحول کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ پودے لگانے اور ان کی مناسب دیکھ بھال یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور صاف ستھرے ماحول کے لیے انتہائی اہم ہے، اس لیے سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ شہری بھی شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں اور لگائے گئے پودوں کی حفاظت یقینی بنائیں۔

ڈپٹی کمشنر سید محمد عباس شاہ نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور مختلف محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں کی مؤثر مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی اور عوامی مفاد کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔

اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی باقاعدگی سے نگرانی، تعمیراتی معیار کی جانچ اور شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

متعلقہ خبریں