چشتیاں میں سی سی ڈی پولیس کا مبینہ مقابلہ، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار، دوسرا فرار
چشتیاں (نمائندہ خصوصی) چشتیاں کے نواحی گاؤں 16 گجیانی کے قریب سی سی ڈی پولیس اور دو مبینہ ملزمان کے درمیان ہونے والے مقابلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس کے مطابق سب انسپکٹر محمد عمران خان اپنی ٹیم کے ہمراہ اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے چک نمبر 16 گجیانی کے قریب ناکہ بندی کیے ہوئے تھے کہ رات گئے ایک موٹر سائیکل پر سوار دو مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے رکنے کے بجائے رفتار تیز کر دی اور مبینہ طور پر پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کے مطابق تعاقب کے دوران ملزمان کی موٹر سائیکل کھال کی پٹری سے ٹکرا کر گر گئی، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہو گیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت محمد اسماعیل ولد محمد احمد، سکنہ چک نمبر 45 فتح، چشتیاں کے طور پر ہوئی۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول، دو زندہ کارتوس، پانچ خالی خول اور 400 روپے نقدی برآمد ہوئی، جبکہ دوسرا ملزم فرار ہو گیا۔
زخمی ملزم کو فوری طبی امداد کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی پوچھ گچھ میں ملزم نے مبینہ طور پر انکشاف کیا کہ وہ اپنے ساتھی کے ہمراہ واردات کی نیت سے جا رہا تھا۔
پولیس نے گرفتار اور فرار ملزمان کے خلاف اقدامِ قتل، کارِ سرکار میں مداخلت، ناجائز اسلحہ رکھنے اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ فرار ملزم کی تلاش جاری ہے۔