تاجر اتحاد چشتیاں کا تاجروں کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ، بستان انٹرنیشنل کی ادبی خدمات کو خراجِ تحسین

چشتیاں: تاجر اتحاد چشتیاں کے صدر شیخ نجم نورانی اور سیکرٹری جنرل چودھری شہباز اسلم نے کہا ہے کہ دنیا کے مہذب ممالک میں ٹیکس ادا کرنے والے تاجروں کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے اور پاکستان میں بھی تاجروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مقامی ریسٹورنٹ میں تاجر اتحاد کی جانب سے بستان انٹرنیشنل ادبی تنظیم کے شعراء کے اعزاز میں منعقدہ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیانت داری اور امانت داری کے اصولوں کے تحت کیا جانے والا کاروبار عبادت کا درجہ رکھتا ہے اور ملاوٹ، ناپ تول میں کمی اور بددیانتی جیسے اعمال نہ صرف اخلاقی بلکہ سنگین معاشرتی جرائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی ایمان اور معاشرتی اقدار کا تحفظ ممکن ہے۔ شیخ نجم نورانی نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کی آڑ میں بعض مقامات پر تاجروں کے ساتھ انتقامی رویہ اختیار کیا جا رہا ہے اور سوال اٹھایا کہ اگر تاجروں کے خلاف خصوصی فورس قائم کی جا سکتی ہے تو بدعنوان اور عوام دشمن افسران کے احتساب کے لیے بھی مؤثر نظام ہونا چاہیے۔ انہوں نے بستان انٹرنیشنل کو خطے کی ایک نمایاں ادبی تنظیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ادارہ ادب کے فروغ، نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی اور علمی و فکری سرگرمیوں کے انعقاد میں قابلِ قدر کردار ادا کر رہا ہے۔

تقریب سے سینئر رہنماؤں حاجی ناصر محمود، چودھری عبدالغفور، چودھری منیر احمد، چودھری عمران حنیف، چودھری امجد الطاف بگوایا اور چودھری محمد عثمان آرائیں نے بھی خطاب کیا اور اعلان کیا کہ تاجر اتحاد چشتیاں کی تقریبِ حلف برداری جلد منعقد ہوگی، جس میں شہر کی 24 ذیلی تاجر تنظیموں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 600 تاجر شریک ہوں گے۔ اس موقع پر تاجر اتحاد کی جانب سے بستان انٹرنیشنل کے عہدیداران میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔ بستان انٹرنیشنل کے صدر میاں وحید الرحمان ناوک ایڈووکیٹ نے کہا کہ ان کی تنظیم شہر کی تعمیر و ترقی اور تاجروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے تاجر اتحاد کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ تقریب کے اختتام پر حافظ عمران اشرف نے ملکی سلامتی، تاجروں کے اتحاد اور افواجِ پاکستان کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کرائی۔

متعلقہ خبریں