اسسٹنٹ کمشنر چشتیاں کا تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ، طبی سہولیات اور صفائی کا جائزہ

چشتیاں (عامر سہیل سے): اسسٹنٹ کمشنر چشتیاں ساحل رسول چیمہ نے کہا ہے کہ معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی ہر مریض کا بنیادی حق ہے، جبکہ علاج معالجے، مریضوں کی دیکھ بھال اور ہسپتال کے انتظامی امور میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے یہ بات ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ کی ہدایت پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال چشتیاں کے اچانک دورے کے موقع پر کہی۔

دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر ملازمین کی حاضری چیک کی، مختلف وارڈز، ایمرجنسی، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی، سیکیورٹی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر انہوں نے زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور علاج، ادویات اور دیگر سہولیات کے بارے میں براہِ راست فیڈبیک حاصل کیا۔ بیشتر مریضوں نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو معیاری علاج، بروقت طبی سہولیات اور ضروری ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے، جبکہ صفائی ستھرائی کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے تمام شعبوں میں بہترین سروس ڈلیوری کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ مریضوں کو علاج معالجے کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ خبریں