چشتیاں: منگھیر شریف روڈ پر دو موٹر سائیکلوں میں تصادم، 2 افراد جاں بحق، 4 زخمی

چشتیاں (رپورٹ: عامر سہیل): چشتیاں کے نواحی علاقے منگھیر شریف روڈ پر دو موٹر سائیکلوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی کنٹرول روم سے ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں۔ امدادی اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال چشتیاں منتقل کر دیا۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت یاسین ولد حبیب اللہ (18 سال)، سکنہ نور پورہ چشتیاں اور یاسین ولد غلام محمد (40 سال)، سکنہ بستی لودرا، منگھیر شریف، چشتیاں کے نام سے ہوئی ہے۔

زخمیوں میں زرینہ بی بی زوجہ یاسین (50 سال)، حریس ولد نصراللہ (12 سال)، مدثر ولد نصراللہ (15 سال) اور شمع بی بی زوجہ ممتاز (45 سال) شامل ہیں، جنہیں طبی امداد کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال چشتیاں منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو 1122 حکام کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ دو موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم کے باعث پیش آیا، جبکہ واقعے کی وجوہات کا تعین اور مزید قانونی کارروائی متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری ہے۔

متعلقہ خبریں