ڈپٹی کمشنربہاولنگر کادورہٴ چشتیاں
چشتیاں: ڈپٹی کمشنربہاولنگر سید محمد عباس شاہ نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،متعلقہ افسران صفائی اور سیوریج کے مسائل کے مستقل حل کے لیے فیلڈ میں موجود رہ کر نگرانی کی جائے اور شہریوں کو درپیش مسائل کے ازالے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے چشتیاں میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت کچرا ڈمپ کرنے کے لیے مختص جگہ،تحصیلدار آفس ، لیڈیز پارک،رہائشی کالونیوں کےدورہ کے موقع پر مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور حکومت پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ضلع بہاولنگر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فیلڈ میں نگرانی کا عمل جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے اور شہری علاقوں سے جمع ہونے والے کچرے کو مقررہ مقامات پر مناسب طریقے سے منتقل اور تلف کیا جائے۔انہوں نے سرکاری محکموں کے مختلف دفاتر میں عملے کی حاضری، سرکاری امور کی انجام دہی، دفتری ریکارڈ اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ سرکاری دفاتر میں آنے والے شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر سنا اور قانون و ضابطے کے مطابق ان کے فوری حل کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے لیڈیز پارک،مہاجر کالونی، بھٹہ کالونی اور شہر کے مختلف علاقوں کا بھی تفصیلی معائنہ کیا اور صفائی ستھرائی اور سیوریج کے نظام کا موقع پرجائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف مقامات پر سیوریج کی صورتحال، نکاسی آب اور صفائی کے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کے افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔انہوں نے افسران سے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے ثمرات شہریوں تک پہنچانے کے لیے صفائی کے نظام کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے اور تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں تاکہ چشتیاں شہر کو صاف، سرسبز اور بہتر شہری سہولیات کا حامل بنایا جا سکے۔