بارش کے بعد نکاسی آب کا ہنگامی آپریشن، اسسٹنٹ کمشنر چشتیاں کا مختلف علاقوں کا دورہ
چشتیاں (نمائندہ خصوصی) حالیہ بارشوں کے بعد شہر میں نکاسی آب کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر چشتیاں نے ہنگامی بنیادوں پر مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے نشیبی علاقوں، مرکزی شاہراہوں اور گنجان آباد محلوں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو فوری اور مؤثر اقدامات کی ہدایت جاری کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے میونسپل کمیٹی کے عملے کو ہدایت کی کہ برساتی پانی کی بروقت نکاسی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور جہاں بھی پانی جمع ہے وہاں فوری طور پر مشینری اور اضافی عملہ تعینات کیا جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ نکاسی آب کے نظام کو مسلسل فعال رکھا جائے اور فیلڈ میں موجود عملہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بارش کے دوران اور بعد ازاں تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے میں رہیں، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت الرٹ رہیں اور شہر میں معمولاتِ زندگی جلد از جلد بحال کرنے کے لیے مربوط انداز میں کام کریں۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران اور میونسپل کمیٹی کا عملہ بھی موجود تھا۔