شہر فرید: خاتون کے مبینہ قتل کا معمہ 13 ماہ بعد حل، شوہر گرفتار، گھر سے لاش برآمد

چشتیاں: تھانہ شہر فرید کی حدود بستی عاشق محمد میں ایک خاتون کے مبینہ قتل کا معمہ 13 ماہ بعد اس وقت حل ہوگیا جب پولیس نے خاتون کی لاش اس کے گھر سے برآمد کر کے شوہر کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ نصرت بی بی، جو چار بچوں کی ماں تھیں، جون 2025 سے لاپتا تھیں۔ اس وقت ان کے شوہر محمد منیر نے خود اپنی مدعیت میں بیوی کے مبینہ اغوا کا مقدمہ درج کرایا تھا۔

تازہ درخواست میں مقتولہ کی والدہ رحمت بی بی نے الزام عائد کیا کہ ان کی بیٹی کو اغوا نہیں بلکہ قتل کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ بیٹی کے لاپتا ہونے کے بعد اہل خانہ نے متعدد شکوک و شبہات کا اظہار کیا، تاہم مقدمہ اغوا کی دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق نئی معلومات موصول ہونے پر تفتیش کا دائرہ وسیع کیا گیا۔ بعد ازاں ملزم کے گھر میں بھاری مشینری کے ذریعے کھدائی کی گئی، جہاں سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جس کے بعد ضروری کارروائی مکمل ہونے پر ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر بیوی کے کردار پر شک کی بنیاد پر قتل کا اعتراف کیا ہے، تاہم واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں شوہر محمد منیر اور دو نامعلوم افراد کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 302، 311 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے

متعلقہ خبریں