چشتیاں کے قاضی والا روڈ، سینما روڈ پر رات گئے تک کھلی دکانیں، اسسٹنٹ کمشنر کی غفلت اور لاپرواہی
چشتیاں: ضلعی و تحصیل انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کی بناء پر شہر کے بعض علاقوں میں دکانیں اور ٹی سٹال رات 12 بجے تک کھول کر وزیراعلیٰ پنجاب کی کفایت شعاری پالیسی کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی کفایت شعاری پالیسی کے تحت پنجاب بھر میں کاروباری اوقات کار کے حوالے سے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ان ہدایات کے مطابق دکانیں، کریانہ اسٹورز اور سبزی شاپس وغیرہ رات 9 بجے تک، شادی ہال، مارکیاں اور دیگر تقریبات رات 10 بجے تک جبکہ ریسٹورینٹس، ٹی سٹال، کیفے، سینما ہاؤس اور کھانے پینے کے دیگر سٹالز رات 11 بجے تک بند کرنے کی پابندی عائد کی گئی ہے۔
تاہم چشتیاں شہر میں ان ہدایات کی خلاف ورزی عام دیکھی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق قاضی والا روڈ، سینما روڈ اور شوگر ملز روڈ پر واقع کئی دکانیں اور ٹی سٹال رات 12 بجے تک کھلے رہتے ہیں جہاں مہنگے داموں چائے اور دیگر اشیاء فروخت کی جا رہی ہیں۔
شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر چشتیاں کو موبائل فون میسج کے ذریعے صورتحال سے آگاہ کیا لیکن انہوں نے کوئی نوٹس نہیں لیا اور نہ ہی کوئی کارروائی کی۔ شہریوں کے مطابق انتظامیہ کی خاموشی نے قانون شکنوں کے حوصلے مزید بلند کر دیے ہیں۔
چشتیاں کی سیاسی، سماجی اور کاروباری تنظیموں کے کارکنوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولنگر اور کمشنر بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ قاضی والا روڈ، سینما روڈ اور شوگر ملز روڈ پر دکانیں اور ٹی سٹال کھولنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔