چشتیاں: ستھرا پنجاب کے بلوں پر شہریوں کے تحفظات، اضافی مالی بوجھ واپس لینے کا مطالبہ
چشتیاں: مہنگائی، بجلی کے بھاری بلوں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد شہریوں نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری کیے گئے بلوں پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پنجاب سے یہ عمل فوری روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ستھرا پنجاب کے تحت صفائی کے اخراجات کی وصولی کے لیے انہیں 500 روپے تک کے بل بھیجے جارہے ہیں، جبکہ بعض معاملات میں صفائی سے متعلق جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔
شہریوں کے مطابق پہلے ہی بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بجلی و دیگر بنیادی ضروریات کے اخراجات نے گھریلو بجٹ متاثر کررکھا ہے، ایسے میں صفائی کے نام پر مزید مالی بوجھ عائد کرنا ان کے لیے مشکلات میں اضافہ کررہا ہے۔
مقامی شہریوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ستھرا پنجاب کے تحت بلوں کے اجرا اور جرمانوں کے طریقہ کار کو واضح کیا جائے اور شہریوں پر غیر ضروری مالی بوجھ نہ ڈالا جائے۔
شہریوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی ایک بنیادی شہری سہولت ہے اور حکومت کو اس نظام کی مالی اور انتظامی ذمہ داریوں کے حوالے سے شفاف پالیسی اختیار کرنی چاہیے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ستھرا پنجاب کے تحت جاری کیے گئے بلوں کا جائزہ لیا جائے، شہریوں کو مکمل معلومات فراہم کی جائیں اور اگر کسی قسم کی اضافی یا غیر ضروری وصولی کی جارہی ہے تو اسے فوری روکا جائے۔
شہریوں نے حکومت پنجاب اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ شکایات کا ازالہ کرتے ہوئے صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے ساتھ شہریوں کی استطاعت کو بھی مدنظر رکھا جائے۔