چشتیاں: بکری بچانے کی کوشش میں تین نوجوان کنویں میں گر کر دم گھٹنے سے جاں بحق
چشتیاں: تھانہ صدر چشتیاں کی حدود اڈا 28 گجیانی میں افسوسناک واقعے کے دوران بکری کو بچانے کی کوشش میں تین نوجوان گندے پانی کے کنویں (کھوئی) میں گر کر دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں دو حقیقی بھائی زین علی اور علی رضا (قوم قصائی) جبکہ تیسرا نوجوان علی اکبر (قوم انصاری) شامل ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بکری کنویں میں گر گئی تھی، جسے نکالنے کی کوشش کے دوران ایک کے بعد دیگرے تینوں نوجوان اندر اترے اور زہریلی گیس یا آکسیجن کی کمی کے باعث بے ہوش ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور ایس ایچ او تھانہ صدر چشتیاں موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ لاشوں کو کنویں سے نکال کر ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہوگئی جبکہ اہلِ علاقہ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے کھلے اور غیر محفوظ کنوؤں کی نشاندہی کرکے حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔