چشتیاں میں مہنگا پٹرول فروخت ،مقامی انتظامیہ خاموش
چشتیاں: علاقے میں پٹرول کی قیمتوں میں تفریق کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ زیادہ تر پٹرول پمپس سرکاری نرخوں پر پٹرول فراہم کر رہے ہیں، تاہم ایک مخصوص ایجنسی 302 روپے فی لیٹر کے حساب سے مہنگا پٹرول فروخت کر رہی ہے۔
مقامی انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک اس معاملے پر کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی، جس کی وجہ سے شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں اور انہیں عوام کی مشکلات سے کوئی دلچسپی نہیں۔
شہریوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور سرکاری نرخوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر یہ صورت حال جاری رہی تو عوام کو مزید معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مقامی اسسٹنٹ کمشنر چشتیاں ساحل رسول چیمہ نے بدعنوانی اور ناقص کارکردگی کے الزامات پرسرکاری اہلکاروں کے کے خلاف بھی محکمانہ کارروائیاں کی تھیں، جبکہ پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے اہلکاروں کے خلاف بھی کرپشن کی شکایات پر کارروائی کی گئی تھی۔ تاہم پٹرول پمپس پر مہنگے نرخوں کے خلاف اب تک کوئی کارروائی عمل میں نہیں آئی۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ ایجنسی سرکاری قیمت سے 15 سے 20 روپے فی لیٹر زیادہ وصول کر رہی ہے جبکہ اس حوالے سے کوئی باقاعدہ شکایت بھی درج نہیں کرائی گئی۔
امید کی جارہی ہے کہ ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر از خود اس معاملے کا نوٹس لے کر عوام کو ریلیف فراہم کریں گے۔